پاکستان اور پولینڈ کے درمیان تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

image

پاکستان اور پولینڈ کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا آٹھواں دور، فریقین نے اعلیٰ سطح کے تبادلوں اور بات چیت کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) پاکستان اور پولینڈ کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا آٹھواں دور اسلام آباد میں ہوا۔ دفتر خارجہ ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بات چیت میں پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ (یورپ) سفیر محمد سلیم نے کی جبکہ پولش وفد کی قیادت پولینڈ کی وزارت خارجہ کے انڈر سیکرٹری ووجچ گیرویل نے کی۔ پاکستان میں پولینڈ کے سفیر ماکیج پسارسکی نے بھی مشاروتی اجلاس میں شرکت کی۔

فریقین نے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا اور اعلیٰ سطح کے تبادلوں اور بات چیت کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی کے شعبے، ڈیری اور زراعت، مالیاتی شعبے، دفاع، نقل مکانی اور نقل و حرکت، اعلیٰ تعلیم اور ویزا نظام کو ہم آہنگ کرنے کے شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کی اپنی باہمی خواہش کا اعادہ کیا۔ 

دوسری جانب دونوں ممالک کے میڈیا ہاؤس اور چیمبرز آف کامرس کے درمیان تعاون کی حوصلہ افزائی پر بھی اتفاق کیا گیا۔ یاد رہے کہ فریقین نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا اور اقوام متحدہ سمیت بین الاقوامی فورمز پر تعاون کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اہم امور پر پائی جانے والی ہم آہنگی اور کثیر الجہتی فورمز پر تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ مشاورت کا اگلا دور 2024ء میں وارسا میں ہوگا۔