کراچی کی ترقی کیلئے سب مل کر کام کریں: مرتضیٰ وہاب

image

 

پیپلز پارٹی کے ترجمان مرتضیٰ وہاب کا کراچی میں تقریب سے خطاب، میں آج بھی کہتا ہوں کہ ذاتی اختلافات چھوڑ کر شہر کی ترقی پر توجہ دیں، پیپلز پارٹی کی لیڈرشپ نے مجھ پر اعتماد کیا، بلاول بھٹو اور آصف زرداری کا شکرگزار ہوں، ہم کراچی میں کمرشل وائبلٹی پر کام کریں گے۔

کراچی: (نیوز ڈیسک) سندھ حکومت کے ترجمان اور پیپلز پارٹی کے نامزد میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ کراچی سب کا شہر ہے اور سب مل کر چارٹر آف کراچی بنائیں۔ کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی میں پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کا مینڈیٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے ذاتی اختلافات کو چھوڑ کر کراچی کی ترقی کے لٸے مل کر کام کریں۔ 

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ہمارا اور جماعت اسلامی کا 43 سیٹوں کا فرق ہے اور انشاءاللہ 15 جون کو پیپلز پارٹی بلدیہ کراچی کی کمان سنبھالے گی۔ انہوں نے کہا کہ میں اگلے 4 سال میں دودھ اور شہد کی نہریں بہانے کا دعویٰ تو نہیں کرتا لیکن یہ ضرور کہوں گا کہ کراچی میں بہتری نظر آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر جماعت اسلامی والے روز دھرنا دیں گے تو کام کیسے چلے گا؟ 

پیپلز پارٹی کے رہنما مرتضیٰ وہاب نے اپنے خطاب میں کہا کہ میں آصف زرداری اور بلاول بھٹو کا شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھ پر اعتماد کیا۔ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی میں کاروباری اور مزدور طبقہ ہمارا ہے، اگر مئیر کراچی بن گیا تو سب لوگوں سے روابط مزید استوار ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کراچی میں کمرشل وائبلٹی پر کام کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 15 جون کے بعد آپ کی آواز کراچی میں بھی مضبوط ہوگی۔