نیوزی لینڈ ایئرلائنز میں سفر کرنے سے قبل مسافروں کیلئے وزن کرانا لازمی قرار

image

یہ اقدام طیارے کے محفوظ اور مٶثر آپریشن کو یقینی بنانے کیلئے انتہائی ضروری، اس طریقہ کار کا اطلاق 2021ء میں گھریلو ایئر لائنز کے مسافروں پر کیا گیا تھا، اس اقدام سے طیارے کی ضرورت کے مطابق ایندھن کی زیادہ سے زیادہ مقدار کا تعین بہتر ہو جاتا ہے۔

ویلنگٹن: (ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ ایئرلائنز نے فضائی سفر کے دوران مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ایئرپورٹ پر وزن کرانا لازمی قرار دے دیا ہے۔ نیوزی لینڈ کے اس اقدام سے مسافر پریشانی کا شکار ہیں۔ جون کے مہینے میں ایئر نیوزی لینڈ کے 10 ہزار سے زیادہ مسافروں کو بورڈنگ سے پہلے پیمانے پر کھڑے ہو کر اپنا وزن کروانے کی ضرورت ہوگی۔ 

نیوزی لینڈ کے حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام طیارے کے محفوظ اور مٶثر آپریشن کو یقینی بنانے کے لٸے ضروری ہے اور یہ ملک کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کی طرف سے جاری کردہ ایک ضرورت بھی ہے۔ اس سے قبل نیوزی لینڈ میں اس طریقہ کار کا اطلاق 2021ء میں گھریلو ایئرلائنز کے مسافروں پر کیا گیا تھا۔ 

نیوزی لینڈ ایئرلائنز کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے طیارے کی ضرورت کے مطابق ایندھن کی زیادہ سے زیادہ مقدار کا تعین بہتر ہو جاتا ہے۔ فی الحال ایئرلائنز پہلے سے قائم کردہ نمبروں کا استعمال کرتے ہوئے مسافروں کے کل وزن کا اندازہ لگانے کے لٸے فرضی وزن کا استعمال کرتی ہیں۔ واضح رہے کہ اس اقدام سے ہر پرواز سے ہونے والے ماحولیاتی نقصان کو بھی کم کیا جا سکتا ہے۔