نگران حکومت کو محدود اختیارات دینے کا فیصلہ

image

انتخابی اصلاحات کمیٹی کا اجلاس، الیکشن ایکٹ کی شق 230 کے ذریعے لامحدود اختیارات دینے کی تجویز واپس، اتحادی جماعتوں نے مذاکرات کے ذریعے مسئلہ حل کر لیا ہے۔ 

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) الیکشن ایکٹ میں ترامیم کے معاملے پر انتخابی اصلاحات کمیٹی کا اجلاس ختم ہو گیا ہے جس میں نگران حکومت کو وسیع اور لامحدود اختیارات نہ دینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ حکومت کی جانب سے الیکشن ایکٹ میں ترمیم کا بل آج پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پیش کیا جانا ہے جس میں شق 230 کے ذریعے نگران حکومت کو لامحدود اختیارات دینے کے حوالے سے بات کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اتحادی جماعتوں کے اعتراض پر بل کو پیش کرنے سے قبل انتخابی اصلاحات کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں اس شق پر اختلاف ختم کر لیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ اجلاس میں الیکشن ایکٹ کی شق 230  کے تحت نگران حکومت کو لامحدود اختیارات دیے جانے تھے۔ اس پر اتحادی جماعتوں کے درمیان بحث و مباحثہ ہوا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ نگران حکومت کو وسیع اور لامحدود اختیارات نہیں دیے جائیں گے۔

ملکی معاشی صورتحال کے تناظر میں یہ طے کیا گیا ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر نگران حکومت کو ایسے ناگزیر معاملات دیکھنے کا اختیار ہو گا جیسے آئی ایم ایف یا دیگر ضروری معاملات ہوں گے۔ اجلاس میں پی پی پی کی جانب سے نوید قمر نے شرکت کی اور انہوں نے بھی اس سے اتفاق کیا ہے۔ تحفظات کے ختم ہونے کے بعد اب پی پی اور جے یو آئی (ف) پارلیمنٹ میں بل کی حمایت میں ووٹ دے گی۔