وفاقی دارالحکومت میں شہریوں کو ہراساں کرنے والے 4 ڈولفن اہلکار نوکری سے فارغ

image

چاروں اہلکاروں کے خلاف تھانہ رمنا میں مقدمہ درج، ڈولفن فورس شہریوں کو سہولت دینے کی بجائے ان کیلئے مصیبت بن گئی، گرفتار ہونے والے اہلکاروں کو نوکری سے بھی نکال دیا گیا ہے۔

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) اسلام آباد کے شہریوں کو ہراساں کرنے کے الزام میں ڈولفن فورس کے 4 اہلکاروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اسلام آباد میں ڈولفن فورس کے قیام کو صرف ایک ہی ہفتہ گزرا ہے۔ شہریوں کے تحفظ کیلئے بنائی گئی ڈولفن فورس شہریوں کیلئے مصیبت بن گئی ہے۔ 

ذرائع کے مطابق لاہور کی طرز پر وفاقی دارالحکومت میں بھی ڈولفن فورس کا قیام عمل میں لایا گیا تھا۔ تاہم اپنے قیام کے پہلے ہفتے میں اہلکاروں کا کارنامہ منظر عام پر آ گیا ہے۔ ڈولفن فورس کے اہلکار تفریح گاہوں میں شہریوں کو ہراساں کرنے میں ملوث پائے گئے ہیں۔ 

خیال رہے کہ اسلام آباد کی ایک فیملی کی شکایت پر ڈولفن فورس کے اہلکاروں کو معطل کر کے گرفتار کیا گیا ہے۔ متاثرہ فیملی کی شکایت پر سرکار کی مدعیت میں تھانہ رمنا میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ گرفتار ہونے والے اہلکاروں میں عنصر عباس، غلام رسول، نعیم اسحاق اور احسان اللّٰہ شامل ہیں۔