خلائی مخلوق کی طرح نظر آنے والی دو لاشیں دریافت

image

جیمی موسان نے امریکی حکام اور میکسیکو کے حکومتی اراکین کو کچھ ویڈیوز دکھائیں، جس میں اجنبی لاشیں ملنے کا بھی انکشاف کیا گیا۔

کوسکو: (ویب ڈیسک) پیرو میں خلائی مخلوق کی طرح نظر آنے والی دو لاشیں دریافت ہوئی ہیں جنہیں میکسیکو کی گانگریس میں پیش کیا گیا۔ سماعت کے دوران مبینہ لاشوں کے ایکسرے بھی پیش کیے گئے، ماہرین نے دعویٰ کیا کہ لاشوں میں سے ایک میں ’انڈے‘ موجود تھے، اس کا مطلب مبینہ طور پر اس اجنبی مخلوق میں جنم دینے کی صلاحیت ہے۔

سماعت کے دوران صحافی جیمی موسان نے امریکی حکام اور میکسیکو کے حکومتی اراکین کو کچھ ویڈیوز دکھائیں جس میں اجنبی لاشیں ملنے کا بھی انکشاف کیا گیا۔ انہوں نے گانگریس میں حلف لیتے ہوئے کہا کہ یہ لاشیں ہمارے زمینی ارتقا سے تعلق نہیں رکھتیں، یہ یو ایف او کے ملبے سے نہیں ملیں بلکہ قدیم سرنگوں سے دریافت ہوئی ہیں۔ دی انڈیپنڈنٹ کی رپورٹ کے مطابق ماہرین نے ایسے دعوے کیے ہیں جو ابھی تک درست ثابت نہیں ہوئے، یہ بات قابل غور ہے کہ ماضی میں دریافتوں کے بارے میں ان کے کچھ پچھلے دعوے بعد میں غلط ثابت ہوئے تھے۔

ماہرین کی جانب سے خیال کیا جارہا ہے کہ یہ لاشیں ہزاروں سال پرانی ہیں جنہیں پیرو کے شہر کوسکو سے دریافت کیا گیا ہے، سماعت کے دوران سائنسدان اور امریکن فار سیف ایرو اسپیس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور امریکی بحریہ میں سابق پائلٹ ریان گریوز بھی موجود تھے۔