روسی صدر کی جانب سے شمالی کوریا کے دورے کا امکان

image

صدر کم جونگ اُن کی دعوت قبول، ولادیمیر پیوٹن باہمی تعلقات کے فروغ کیلئے جلد شمالی کوریا جائیں گے، دفاع اور معیشت سمیت دیگر شعبوں میں ترقی کیلئے تعاون بڑھایا جائے گا۔

ماسکو: (ویب ڈیسک) روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کی جانب سے دی گئی دورے کی دعوت قبول کر لی ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات کے بعد کم جونگ ان نے روسی صدر کو شمالی کوریا کے دورے کی دعوت دی تھی۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن اور روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان ملاقات روسی اسپیس سینٹر میں ہوئی، روسی صدر نے شمالی کوریا کے سربراہ کو اسپیس سینٹر کا دورہ کرایا ہے۔

شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان نے روسی صدر سے ملاقات میں دفاع اور ٹیکنالوجی سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کا کہنا تھا کہ روسی صدر پیوٹن کے تمام فیصلوں کی حمایت کرتے ہیں، روس اپنی خودمختاری اور سلامتی کے دفاع کے لیے جنگ میں اترا ہے۔رپورٹس کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کی دعوت قبول کرتے ہوئے دونوں ملکوں کے مضبوط تعلقات کی تاریخ کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

دوسری طرف طالبان کے اقتدار سنبھالنے کے بعد چین  افغانستان کے لیے سفیر  تعینات کرنے والا پہلا ملک بن گیا۔ چینی سفیر نے  کابل میں منعقدہ تقریب میں اپنی سفارتی اسناد قائم مقام وزیراعظم محمد حسن اخوند کو پیش کیں جس کے بعد چین  طالبان کے دور میں افغانستان میں سفیر بھیجنے والا  دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے۔