بین الاقوامی دفاعی جنگی مشقیں برائٹ اسٹار مصر میں جاری

image

تاریخ میں پہلی بار پاکستان اور بھارت کی فضائی افواج ایک ساتھ، ان مشقوں میں دنیا کے 34 ممالک شریک ہیں، برائٹ اسٹار مشقوں میں پاکستان کے جے ایف تھنڈر طیارے بھی حصہ لے رہے ہیں، مصر میں ہونے والی یہ مشقیں 17 ستمبر تک جاری رہیں گی۔

قاہرہ: (ویب ڈیسک) تاریخ میں ایسا پہلی بار ہو رہا ہے کہ مصر میں ہونے والی برائٹ اسٹار جنگی مشقوں میں پاکستان اور بھارت کی فضائی افواج ایک ساتھ حصہ لے رہی ہیں۔ ان مشقوں میں پاکستان کے جے ایف 17 تھنڈر طیارے حصہ لے رہے ہیں۔ برائٹ اسٹار مشقوں کی اختتامی تقریب 17 ستمبر کو منعقد کی جائے گی۔ ان مشقوں میں 15 ممالک بطور مبصر شریک ہیں۔ 

بھارتی فضائیہ کے 5 مگ 29، 2 سی 17 اور 2 الیوشن 78 ٹینکر طیارے جنگی مشق میں شریک ہیں۔ مشقوں کے دوران پاکستان اور بھارتی ایئر فورس کے درمیان مشترکہ فلائنگ مشنز نہیں رکھے گئے۔ برائٹ اسٹار مشقوں میں پاکستان ایئر فورس اسکندریہ اور بھارتی فضائیہ قاہرہ میں متعین رہیں۔ خیال رہے کہ میزبان مصر اور امریکہ کی اسپیشل فورسز کے دستے بھی مشقوں کا حصہ ہیں۔ 

مصر میں ہونے والی ان مشقوں کی قیادت یو ایس سینٹرل کمانڈ اور مصر کی فوج کر رہے ہیں۔ 1980ء میں برائٹ اسٹار مشقوں کا پہلا ایڈیشن مصر میں منعقد کیا گیا تھا۔ اس کو 1995ء کے بعد سے دیگر ممالک کی شرکت کیلئے وسعت دی گئی۔ مشترکہ فضائی آپریشنز کی منصوبہ بندی اور انعقاد بھی مشترکہ مشقوں کا حصہ رہا۔ اسی دوران بین الاقوامی سرحدوں کو محفوظ بنانے کی مشقیں بھی کی گئیں۔