ڈالر کی قیمت گرنے کے بعد سرمایہ کاروں نے سونا خریدنا شروع کر دیا

image

ڈالر کی قیمت میں کمی آنے کے بعد سونے کی قیمت میں مسلسل اضافہ ہونے لگا، 7 ستمبر کو پشاور کی کرنسی مارکیٹ چوک یادگار میں 4 سو 50 دکانیں سیل کر دی تھیں، پشاور کی مارکیٹ میں سونے کی فی تولہ قیمت دو لاکھ 35 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

پشاور: (اکانومی ڈیسک) تفصیلات کے مطابق ڈالر کی قیمت گرنے کے بعد سونے کی قیمت میں مسلسل اضافہ ہونے لگا ہے۔ پشاور کی کرنسی کی سب سے بڑی مارکیٹ سیل ہونے کے ایک ہفتے بعد سرمایہ کاروں نے سونے کی مارکیٹ کا رخ کرلیا ہے۔ بھاری مقدار میں خریداری کی وجہ سونے کی مارکیٹ کریش ہو گئی ہے۔

واضح رہے کہ قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے 7 ستمبر کو پشاور کی کرنسی مارکیٹ چوک یادگار سیل کرتے ہوئے 450 سے زائد دکانیں بند کر دی تھیں۔ جس کے ایک ہفتے بعد سرمایہ کاروں نے اب سونے میں سرمایہ کاری شروع کر دی ہے۔ اب پشاور کی صرافہ مارکیٹ نے سونے کا کاروبار فی الفور بند کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

ایک جانب ڈالر کی قیمت مسلسل کم ہو رہی ہے تو دوسری جانب اچانک سونے کی قیمت بڑھنا شروع ہو گئی ہے۔ پشاور کی مارکیٹ میں سونے کی فی تولہ قیمت دو لاکھ 35 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈالر اور دیگر کرنسی میں سرمایہ کاری کرنیوالوں نے سونے کی خریداری شروع کر دی ہے جس کے باعث مارکیٹ میں عدم استحکام آ گیا ہے۔