جاپان کا 53 سالہ ریکارڈ برقرار
جاپان کی وزارت صحت اور بہبود نے رپورٹ جاری کر دی، جاپان میں 100 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کی تعداد 92 ہزار سے تجاوز کر گئی، آئندہ سال مارچ کے اختتام تک مزید 47 ہزار 107افراد 100 سال کے ہو جائیں گے۔
ٹوکیو: (ویب ڈیسک) جاپان کی وزارت صحت اور بہبود آبادی کی جانب سے ایک رپورٹ جاری کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق جاپان میں رواں سال کے دوران 100 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کی تعداد 92 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 53 سال سے یہ ریکارڈ بلند تعداد ہے۔ وزارت صحت تمام عمر رسیدہ افراد کو تحائف بھیجنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز تک جاپان میں 100 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کی تعداد 92139 ریکارڈ کی گئی ہے۔ گزشتہ سال کے مقابلے میں یہ تعداد 1613 زیادہ ہے۔ جاپان میں 1970ء کے بعد سے یہ تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔ خیال رہے کہ جاپان میں خواتین کی تعداد مجموعی تعداد کا 5-88 فیصد ہے۔
جاپانی وزارت صحت کی رپورٹ کے مطابق سب سے معمر خاتون کا تعلق اوساکا صوبے سے ہے جس کی عمر 116 سال بتائی گئی ہے۔ اسی طرح 111 سالہ تاتسومی فوسا مردوں میں سب سے زیادہ عمر رسیدہ ہیں جن کا تعلق جاپان کے صوبہ چیبا سے ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق صوبہ شیمانے میں 100 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کی تعداد 155 افراد فی 1 لاکھ بتائی گئی ہے۔
جاپان کا صوبہ شیمانے مسلسل 11ویں سال سر فہرست رہا ہے۔ اس صوبے کے بعد کوچی اور توتوری کے نام آتے ہیں۔ بیرونی ممالک میں مقیم جاپانی شہری اور جاپان کے مستقل رہائشی غیر ملکی شہری شامل کیے جانے پر آئندہ سال مارچ کے اختتام پر مزید 47 ہزار 107 افراد 100 سال کے ہو جائیں گے۔