ایف آئی اے کا کرنسی ڈیلرز کے خلاف کریک ڈاؤن

ملک بھر سے حوالہ ہنڈی میں ملوث 416 افراد گرفتار، گرفتار ملزمان سے 3 ارب 54 کروڑ مالیت کی غیر ملکی کرنسی برآمد، کرنسی ڈیلرز کے خلاف اسٹیٹ بینک اور ایف آئی اے کی مشترکہ کاروائیاں جاری ہیں۔
کراچی: (نیوز ڈیسک) ملک بھر میں کرنسی ڈیلرز کے خلاف ایف آئی اے کی کاروائیاں جاری ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے حوالہ ہنڈی میں ملوث 416 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزمان کے قبضے سے 3 ارب 54 کروڑ مالیت کی ملکی اور غیر ملکی کرنسی بھی برآمد کر لی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق حوالہ ہنڈی کے کاروبار میں ملوث ملزمان کے خلاف اسٹیٹ بینک اور ایف آئی اے کی ٹیمیں مشترکہ کاروائیاں کر رہی ہیں۔ ایف آئی اے ترجمان کے مطابق اکثر کرنسی ڈیلر منی لانڈرنگ میں ملوث پائے گئے ہیں۔ ایف آئی اے نے ان عناصر کے خلاف کاروائیاں مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ حوالہ ہنڈی میں ملوث ملزمان کے خلاف 289 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ 49 انکوائریاں بھی درج کی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ ایف آئی اے اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی ٹیموں نے ملزمان کے زیر استعمال متعدد دکانوں اور دفاتر کو بھی سیل کر دیا ہے۔