سپریم کورٹ میں پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کیس کی سماعت آج ہو گی

image

سپریم کورٹ میں پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ سماعت کیلئے مقرر کر لیا گیا، 15 رکنی فل کورٹ آج سماعت کرے گا، پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ پر اب تک 5 سماعتیں ہو چکی ہیں۔

اسلام آباد: (قومی ڈیسک) سپریم کورٹ میں پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ سماعت کیلئے مقرر کر لیا گیا، 15 رکنی فل کورٹ آج سماعت کرے گا۔ فل کورٹ کی سربراہی چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کریں گے۔ جسٹس سردار طارق مسعود، جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس سید منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس امین الدین خان، جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی، جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس عائشہ اے، جسٹس اطہر من اللہ، جسٹس حسن اظہر رضوی، جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس شاہد وحید فل کورٹ کا حصہ ہوں گے۔

پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ پر اب تک 5 سماعتیں ہو چکی ہیں، 13 اپریل کو پہلی سماعت میں ہی قانون پر حکم امتناعی جاری ہوا، 2 مئی، 8 مئی، یکم جون اور 8 جون کو بھی کیس سماعت کیلئے لگا۔ ایکٹ کے تحت ازخود نوٹسز اور بینچز کی تشکیل کا اختیار چیف جسٹس سے لے کر 3 سینئر ججز پر مشتمل کمیٹی کو دیا گیا ہے۔ کیس سماعت کیلئے مقرر کرنے اور براہ راست درخواستیں لینے کا اختیار بھی کمیٹی کو دیا گیا ہے۔

قانون کے تحت ازخود نوٹسز کے فیصلوں سے متاثرہ فریق کو ایک ماہ میں اپیل کا حق دینے اور وکیل تبدیل کرنے کی اجازت بھی دی گئی ہے۔ ایکٹ میں ون ٹائم پرویژن کے تحت سابق وزرائے اعظم نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی کے علاوہ جہانگیر ترین کو اپیل کا حق مل گیا تھا۔ ازخود نوٹس کے مقدمات میں ماضی کے فیصلوں پر بھی اپیل کا حق دیا گیا ہے