لاہور ہائیکورٹ نے آئی جی اسلام آباد کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے

image

 

لاہور ہائی کورٹ میں چوہدری پرویز الہیٰ کو عدالتی حکم پر رہا نہ کرنے کے معاملے پر کیس کی سماعت، اٹک جیل کے سپرنٹنڈنٹ کے پیش نہ ہونے پر عدالت کا اظہار برہمی، عدالت نے آئندہ سماعت پر آئی جی اسلام آباد کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ 

لاہور: (نیوز ڈیسک) لاہور ہائی کورٹ نے آئی جی اسلام آباد کے خلاف بڑا حکم جاری کر دیا ہے۔ عدالت نے چوہدری پرویز الہیٰ کو رہا نہ کرنے کے معاملے پر آئی جی اسلام آباد کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔ لاہور ہائی کورٹ نے قابل ضمانت وارنٹ پر عمل درآمد نہ ہونے پر متعلقہ ایس پی کو توہین عدالت کا نوٹس بھی جاری کر دیا ہے۔ 

دوسری جانب لاہور ہائی کورٹ نے اٹک جیل کے سپرنٹنڈنٹ کے پیش نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں عدالتی حکم کے باوجود چوہدری پرویز الہیٰ کو رہا نہ کرنے کے معاملے پر سماعت ہوئی۔ ذرائع کے مطابق عدالت کے حکم پر آج بھی آئی جی اسلام آباد پیش نہ ہو سکے۔ 

عدالت نے استفسار کیا کہ آئی جی اسلام آباد کہاں ہیں؟ سرکاری وکیل نے عدالت کو جواب دیا کہ آئی جی اسلام آباد مصروفیات کی وجہ سے پیش نہیں ہو سکے۔ عدالت نے حکم جاری کیا کہ ان سے پوچھ کر بتائیں کہ وہ کیسے آنا پسند کریں گے؟ بعد ازاں عدالت نے کچھ دیر تک سماعت ملتوی کر دی۔ وقفے کے بعد عدالت نے سی پی او راولپنڈی اور ڈی پی او اٹک کے عدالت میں پیش ہونے پر شو کاز نوٹس واپس لے لیے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر آئی جی اسلام آباد کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے۔