موچکو چیک پوسٹ پر کاروائی کے دوران اسمگلنگ کی کوشش ناکام

image

غیر ملکی سگریٹس کی بڑی مقدار کراچی ترسیل کرنے کی کوشش، کسٹمز اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن کو کوئٹہ سے بھاری مقدار میں اشیاء کراچی اسمگل کرنے کی اطلاعات موصول ہوئیں، آر سی ڈی ہائیوے کے مختلف حصوں میں سادہ لباس اہلکار تعینات کیے گئے جنھوں نے کوئٹہ سے آنے والی بسوں ٹرکوں اور ٹرالرز کی سخت نگرانی کی۔

کراچی: (اکانومی ڈیسک) تفصیلات کے مطابق انسداد اسمگلنگ مہم کے تحت موچکو چیک پوسٹ پر اسمگلنگ کی کوشش کو ناکام بنایا گیا ہے۔ پاکستان کسٹمز انفورسمنٹ کراچی نے چیک پوسٹ پر کارروائی کرتے ہوئے بہت بڑی مقدار میں غیر ملکی سگریٹس کو اسمگل ہونے سے روکا ہے۔سگریٹ کے ساتھ دیگر اسمگل شدہ اشیا کی کراچی ترسیل کرنے کی کوشش کو بھی ناکام بنایا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق کسٹمز اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن کو اطلاع موصول ہوئی تھی کہ کوئٹہ سے بھاری مقدار میں اسمگل شدہ اشیا کو کراچی پہنچانے کی کوشش کی جائے گی۔ کلکٹر انفورسمنٹ باسط مقصود عباسی نے اسسٹنٹ کلکٹر امان صادق کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی۔ آر سی ڈی ہائیوے کے مختلف حصوں میں سادہ لباس اہلکار تعینات کیے گئے جنھوں نے کوئٹہ سے آنے والی بسوں ٹرکوں اور ٹرالرز کی سخت نگرانی کی۔

گزشتہ شام حکام کو کوئٹہ سے آنیوالی بس مشکوک نظر آئی کیونکہ اس بس پر اے ایف آر 2023ء کی نمبر پلیٹ لگی ہوئی تھی۔ حکام نے جب اس بس کو روک کر اس میں بنے ہوئے خفیہ خانوں کی تلاشی لی تو بس سے مجموعی طور پر 4 کروڑ 16 لاکھ مالیت کی اسمگل شدہ اشیاء برآمد ہوئیں۔ برآمد ہونے والی اشیاء میں مختلف غیرملکی برانڈز 22 ہزار 5 سو 40 پیکٹ سگریٹس، انڈین گٹکے کے  59 ہزار 6 سو پاؤچز، انڈین نسوار کے 2 ہزار 6 سو پائوچز اور 2 کلو مضر صحت چھالیہ برآمد کی گئی۔