جشن عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر قیدیوں کی سزاؤں میں کمی کا فیصلہ

image

 ماہ ربیعُ الاوّل کے بابرکت مہینے میں جیلوں میں بند قیدیوں کے وارے نہارے، حکومت نے عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر قیدیوں کی سزاؤں میں کمی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) وفاقی حکومت کا احسن اقدام جشن عید میلاد النبیﷺ  کی آمد پر ملک بھر کی جیلوں میں بند مخصوص قیدیوں کی سزا میں کمی کی جائے گی، اس حوالے سے وفاقی کابینہ نے قیدیوں کی سزا میں 3 ماہ کی خصوصی چھوٹ کی منظوری دے دی ہے، وزارتِ داخلہ کی سمری پر وفاقی کابینہ سے سرکولیشن کے ذریعے منظوری لی گئی ہے۔

 مخصوص قیدیوں کی سزاؤں میں کمی کے حوالے سے آرٹیکل 45 کے تحت وزارتِ داخلہ نے صدرمملکت سے بھی منظوری حاصل کرلی،جیلوں میں بند دو تہائی قید پوری کرنے والے 65 سال کے قیدیوں کی سزا 3 ماہ کم کی جائے گی، دو تہائی سزا پوری کرنے والی 60 سال عمر کی خواتین قیدیوں کی سزا میں بھی کمی ہوگی، 18 سال سے کم عمر کے قیدیوں کی سزا میں بھی 3 ماہ کی کمی ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق عید میلاد النبیﷺ کی موقع پر قیدیوں کی سزا میں کمی کا اطلاق صرف مخصوص قیدیوں پر ہوگا، دہشتگردی، ریاست کے خلاف جرائم اور جاسوسی میں ملوث قیدیوں پر سزا میں کمی کا اطلاق نہیں ہوگا۔ اس حوالے سے وزارتِ داخلہ تمام صوبوں کو تحریری احکامات ارسال کرے گی جس کے بعد ملک بھر کی جیلوں سے سینکڑوں قیدی سزا پوری ہونے سے گھروں کو روانہ ہو جائیں گے۔