نگران وزیراعظم آئندہ ماہ بیلٹ اینڈ روڈ انٹرنیشنل فورم کی کانفرنس میں شرکت کیلئے چین کا دورہ کریں گے

image

 چین نے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کی 10 سالہ تقریبات میں شرکت کیلئے نگران وزیراعظم کو دعوت، بیلٹ اینڈ روڈ انٹرنیشنل فورم کی تیسری کانفرنس میں چین کی جانب سے بین الاقوامی سربراہان کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی۔

 بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین رواں سال اکتوبر میں بیجنگ میں تیسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم برائے بین الاقوامی تعاون  کا اہتمام کرے گا اور چین فورم کی تیاریوں پر تمام فریقوں کے ساتھ رابطے میں ہے اور مناسب وقت میں متعلقہ معلومات جاری کرے گا۔ وانگ ون بین نے کہا کہ گزشتہ دہائی کے دوران چین نے 150 سے زائد ممالک اور 30 سے زائد بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ بیلٹ اینڈ روڈ تعاون کی دستاویزات پر دستخط کیے ہیں۔ اب تک بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو نے 3،000 سے زیادہ تعاون کے منصوبے تشکیل دیئے ہیں جس سے تقریبا ایک  ٹریلین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی ہے۔ عالمی بینک کا اندازہ ہے کہ بیلٹ اینڈ روڈ فریم ورک کے تحت نقل و حمل کے منصوبوں پر مکمل عمل درآمد سے 2030ء تک عالمی آمدنی میں 0.7 فیصد سے 2.9 فیصد تک اضافہ متوقع ہے، جس سے 7.6 ملین افراد کو انتہائی غربت سے اور 32 ملین افراد کو معتدل غربت سے باہر نکالا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق 3 روزہ تقریبات میں شرکت کیلئے نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کو بھی دعوت موصول ہوئی ہے، دورہ کے دوران سی پیک اور دیگر منصوبوں سے متعلق بھی امور کا جائزہ لیا جائے گا۔ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی چین کی بزنس کمیونٹی سے بھی ملاقات ہوگی جس میں وہ انہیں پاکستان میں سرمایہ کاری کی ترغیب اور ایس آئی ایف سی کے قیام پر آگاہی دیں گے، وزیر اعظم کے ہمراہ وفاقی وزراء اور وفد بھی تقریبات میں شرکت کرے گا۔ خیال رہے کہ بیلٹ اینڈ روڈ انٹرنیشنل فورم کی پہلی کانفرنس کا انعقاد 2017ء اور پھر 2019ء میں ہوا تھا، کورونا وبا کے بعد تیسری کانفرنس کا انعقاد 4 سال بعد کیا جارہا ہے۔ چین کی جانب سے 10 سالہ تقریبات کو شاندار بنانے کا اہتمام کیا گیا ہے جبکہ کانفرنس میں چین کی جانب سے پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کے اعلانات کا بھی امکان ہے۔

دوسری جانب وانگ ون بین نے اس بات پر زور دیا کہ ہم بین الاقوامی تعاون کے لئے تیسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم کے انعقاد کے موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے  بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر مشترکہ طور پر بیلٹ اینڈ روڈ کی اعلی معیار کی تعمیر  کو مسلسل آگے بڑھائیں گے۔