پاکستان بدستور پناہ گزینوں کی میزبانی کرنے والے بڑے ممالک میں شامل ہے: اقوام متحدہ

پاکستان پناہ گزینوں کی میزبانی کرنے والے دنیا کے سب سے بڑے ممالک میں سے ایک ہے، پاکستان میی افغان شہریوں کی کل تعداد 3.7 ملین ہے، 6 لاکھ نئے افغان پناہ گزین پاکستان میں داخل ہو چکے ہیں۔
اسلام آباد: (قومی ڈیسک) اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ بدستور پاکستان پناہ گزینوں کی میزبانی کرنے والے دنیا کے سب سے بڑے ممالک میں سے ایک ہے۔ پاکستان میں رہائش پذیر افغان شہریوں کی کل تعداد 3.7 ملین ہے۔ غیر قانونی افغان شہری ٹرانزٹ ٹریڈ کی آڑ میں منشیات اور دوسری غیر قانونی اشیاء کی اسمگلنگ میں ملوث ہیں۔
اقوامی متحدہ کے ذیلی ادارے یو این ہائی کمشنر برائے پناہ گزین کے جون 2023ء تک کے اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں رہائش پذیر افغان شہریوں کی کل تعداد 3.7 ملین ہے۔ اس کے علاوہ گزشتہ 40 سال سے زائد عرصے کے دوران بے شمار غیر قانونی افغان شہریوں کی آمدورفت کا سلسلہ جاری ہے۔
اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق صرف 1.33 ملین رجسٹرڈ ہیں۔ اس کے علاوہ سات لاکھ 75 ہزار مہاجرین بغیر اندراج کے رہائش پذیر ہیں۔ نئے اعداد و شمار کے مطابق 6 لاکھ نئے افغان پناہ گزین پاکستان میں داخل ہو چکے ہیں۔