سیکیورٹی فورسز کا خیبر کے علاقے وادی تیرہ میں آپریشن، 3 دہشت گرد ہلاک

وادی تیراہ میں فورسز کے آپریشن کے دوران 3 دہشتگرد مارے گئے، آپریشن 25 اور 26 ستمبر کی درمیانی شب دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔
وادی تیرہ: (نیوز ڈیسک) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق خیبر کے علاقے تیراہ میں 25 سے 26 ستمبر کی درمیانی شب دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا جس دوران سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فورسز کی فائرنگ کے نتیجے میں دہشتگرد کمانڈر کفایت عرف تور عدنان سمیت 3 دہشتگرد مارے گئے۔آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ ہلاک دہشتگرد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف دہشتگردی کی کارروائیوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں بھی ملوث تھے۔
ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے پہلی کارروائی ضلع بنوں کے علاقے جانی خیل میں کی جہاں اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 6 دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا گیا تھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دوسری کارروائی ضلع شمالی وزیرستان کے شہری علاقے دتہ خیل میں کی تھی اور اس دوران 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے۔ 20 ستمبر کو خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان کے علاقے کولاچی میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد ہلاک اور دوسرا زخمی ہوگیا تھا۔ اس سے قبل 15 ستمبر کو بلوچستان کے شہر کوئٹہ کے قریب والی تنگی میں سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد ہلاک جبکہ پاک فوج کا ایک جوان شہید ہوگیا تھا۔
دوسری جانب تیرہ کے علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پر عزم ہیں۔