معروف اینکر عمران ریاض کی بازیابی کے بعد پولیس نے عدالت میں رپورٹ جمع کرا دی

لاہور ہائی کورٹ نے ضروری کاروائی کے بعد درخواست نمٹا دی، عمران ریاض کو کل صبح ان کے گھر پر چھوڑ دیا گیا تھا، صحافی عمران ریاض اپنی فیملی کے ساتھ اپنے گھر پر ہیں۔
لاہور: (نیوز ڈیسک) معروف اینکر عمران ریاض خان کی بازیابی کے بعد پولیس افسران نے عدالت میں رپورٹ جمع کرا دی ہے۔ لاہور ہائی کورٹ نے ضروری کاروائی کے بعد درخواست نمٹا دی ہے۔ دوسری جانب سیالکوٹ کے ڈی پی او حسن اقبال کا کہنا ہے کہ عمران ریاض کو ان کے گھر پہنچا دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق معروف صحافی عمران ریاض خان کو گزشتہ روز صبح کے وقت نامعلوم افراد ان کے گھر چھوڑ گئے تھے۔ خیال رہے کہ سیالکوٹ جیل سے رہائی کے بعد عمران ریاض کو نامعلوم افراد نے اغوا کر لیا تھا۔ عمران ریاض کے والد نے اپنے بیٹے کی بازیابی کیلئے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر رکھی تھی۔
عمران ریاض کے گھر پہنچنے پر ان کے گھر والوں نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔ ان کے لاپتہ ہونے کے بعد ان کی فیملی کافی مسائل کا شکار تھی۔ عمران ریاض اس وقت اپنی فیملی کے ساتھ گھر پر ہیں۔ واضح رہے کہ معروف صحافی عمران ریاض خان 145 دن تک لاپتہ رہنے کے بعد گزشتہ روز علی الصبح اپنے گھر پہنچ گئے تھے۔