نگورنو کاراباخ آئل ڈپو میں دھماکے سے 20 افراد ہلاک

آذربائیجان میں افسوسناک حادثہ، 300 افراد زخمی، درجنوں کی حالت تشویشناک، حکام کا کہنا ہے کہ اموات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
کاراباخ: (ویب ڈیسک) متنازع علاقے نگورنو کاراباخ کے آئل ڈپو میں دھماکے سے 20 افراد جھلس کر ہلاک ہو گئے ہیں۔ غیر ملکی میڈیا ذرائع کے مطابق آرمینیا کے مقامی حکام کا کہنا ہے کہ نگورنو کاراباخ کے آئل ڈپو میں اچانک بڑا دھماکہ ہوا ہے جس کے بعد آئل ڈپو میں کام کرنے والے سینکڑوں افراد زد میں آ گئے۔
مقامی میڈیا رپورٹس میں مزید بتایا گیا ہے کہ دھماکے کے بعد 300 افراد کو مقامی ہسپتال میں داخل کروایا گیا ہے جس میں درجنوں کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔ آئل ڈپو میں دھماکہ اس وقت ہوا جب آذربائیجان کی جانب سے علاقے میں فوجی آپریشن جاری تھا۔ آرمینین حکومت کا کہنا ہے کہ اس انکلیو سے اب تک 13 ہزار سے زائد افراد انخلاء مکمل کر چکے ہیں۔
قبل ازیں رواں ماہ کے شروع میں آذربائیجان کی گولہ باری سے آرمینیا کے 4 فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔ آذربائیجان نے دعویٰ کیا ہے کہ اپنے 2 فوجیوں کے زخمی ہونے پر جوابی کارروائی میں آرمینیا کے 4 فوجی اہلکار ہلاک کئے تھے۔ گزشتہ برس روس کی ثالثی میں سیز فائر کے بعد آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان وقتاً فوقتاً جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔