بھارت اور کینیڈا کے تعلقات خطرے میں پڑ گئے

image

 

 

کینیڈین وزیر دفاع بل بلیئر کی مقامی ٹی وی چینل پر گفتگو، مکمل تحقیقات کر کے سچ تک پہنچنے کو یقینی بنانا ہماری ذمہ داری ہے، کینیڈا کی سرزمین پر کینیڈین شہری کے قتل سے ہماری خود مختاری کی خلاف ورزی ہوئی ہے، کینیڈا کے سکھوں نے بھارتی سفیر کو کینیڈا سے نکالنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

اوٹاوا: (ویب ڈیسک) کینیڈا کے وزیر دفاع بل بلیئر کا کہنا ہے کہ مودی کا بھارت عالمی خطرہ بن گیا ہے۔ اوٹاوا میں مقامی ٹی وی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سکھ رہنما ہردیپ سنگھ کے قتل میں بھارت کے ملوث ہونے کے معاملے پر نئی دہلی کے ساتھ ہمارے تعلقات میں چیلنجنگ مسئلہ ہو سکتا ہے۔ کینیڈین وزیر دفاع نے کہا کہ قانون اور اپنے شہریوں کا دفاع کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ 

اپنی گفتگو میں بل بلیئر کا کہنا تھا کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کر کے سچ تک پہنچنے کو یقینی بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ کینیڈا کی سرزمین پر ہمارے شہری کے قتل سے ہماری خود مختاری کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔ نیویارک اور کینیڈا میں مقیم سکھ فار جسٹس کے رہنما گروپتوت سنگھ کا کہنا ہے کہ نریندر مودی کا بھارت ایک عالمی خطرہ بن چکا ہے۔ 

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق گروپتوت سنگھ نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ ہردیپ سنگھ کا قتل کر کے کینیڈا میں دہشت گردی کی کاروائی کے بعد بھارتی میڈیا اور پارلیمنٹ کھلے عام کینیڈا کو سرجیکل اسٹرائیک اور ایٹمی حملے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ سکھ رہنما کا کہنا تھا کہ یہ کینیڈا کے خلاف اعلان جنگ ہے۔ انہوں نے بھارت کی جانب سے جوہری حملے کی دھمکیوں پر کینیڈا کو رد عمل دینے کا مشورہ دیا ہے۔ 

دوسری جانب کینیڈا کے سکھ فار جسٹس گروپ نے بھارتی سفارتی مشنز کے سامنے مظاہروں کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ احتجاج ہردیپ سنگھ قتل کے بارے میں عوامی آگاہی بڑھانے کیلئے کیا جا رہا ہے۔ سکھ برادری نے کینیڈا کی حکومت سے بھارتی سفیر کو ملک بدر کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ ادھر کیلیفورنیا میں گردوارہ صاحب کے جنرل سیکرٹری امر جیت سنگھ نے سوشل میڈیا  پیغام میں بھارتی حکومت کو سکھ رہنما کا قاتل قرار دے دیا ہے۔