خیبر پختونخوا میں قومی اسمبلی کی 6 نشستیں کم کر دی گئیں
نئی حلقہ بندیوں کے تحت خیبرپختونخوا میں قومی اسمبلی کی 6 نشستیں کم کر دی گئیں، ضم اضلاع قومی اسمبلی کی 6 نشستوں سے محروم ہو گئے، ضم اضلاع کی قومی اسمبلی کی نشستیں 10 سے 4 رہ گئیں۔
پشاور: (قومی ڈیسک) الیکشن کمیشن کی جانب سے نئی حلقہ بندیوں میں خیبرپختونخوا کے ضم اضلاع قومی اسمبلی کی 6 نشستوں سے محروم ہو گئے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 2024ء کے انتخابات سے قبل آبادی کی بنیاد پر جاری حلقہ بندیوں میں کے پی کے ضم اضلاع کو قومی اسمبلی کی 6 نشستوں سے محروم کر دیا۔ ضم اضلاع کی قومی اسمبلی کی نشستیں 10 سے 4 رہ گئیں۔
حلقہ بندیوں کی فہرست کے مطابق باجوڑ سے دو حلقے تھے این اے 40 اور این اے 41، اب نیا حلقہ این اے 8 ہو گا۔ ضلع خیبر سے این اے 43 اور 44 حلقہ تھے جو اب ایک حلقہ کم کر کے این اے 27 ہو گیا ہے، کرم سے بھی ایک حلقہ کم کر دیا گیا ہے این اے 45 اور 46 کے بعد کرم کا نیا حلقہ این اے 27 ہو گا۔ اورکرزئی کا حلقہ این اے 47 ختم کر دیا گیا ہے، ضلع کرم کو ہنگو کے حلقہ این اے 36 کے ساتھ شامل کر دیا گیا ہے۔
اسی طرح جنوبی وزیرستان کا ایک حلقہ بھی کر دیا گیا ہے، این اے 49 اور این اے 50 کے بعد اب این اے 42 ساوتھ وزیرستان کا نیا حلقہ ہو گا۔ 2018ء کے انتخابات کے بعد این اے 51 کا حلقہ فرنٹیئر ریجن پر مشتمل تھا، فرنٹیئر ریجن علاقے متعلقہ اضلاع میں شامل ہونے کے باعث 2018ء کے برخلاف الگ حلقہ سے محروم ہو گئے اور اب وہ متعلقہ اضلاع کے حصہ کے طور پر ہی الیکشن کا حصہ ہوں گے۔