ملکی ترقی میں خواتین کا کردار نہایت اہمیت رکھتا ہے: آرمی چیف

image

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نےکہا ہےکہ خواتین نے ملکی ترقی میں مثبت اور اہم کردار ادا کیا ہے، ملکی ترقی میں خواتین کا کردار نہایت اہمیت رکھتا ہے، ملک کے امن اور خوشحالی کے لیے ہمیں اپنی کوششوں کو ہم آہنگ کرنا ہوگا۔

پشاور: (قومی ڈیسک) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے پشاور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے خواتین سمپوزیم اور صوبائی اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی۔ خواتین سمپوزیم میں گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں خواتین نےملکی ترقی میں مثبت اور اہم کردار ادا کیا ہے، ملکی ترقی میں خواتین کا کردار نہایت اہمیت رکھتا ہے۔خیبرپختونخواکی خواتین نے دہشت گردی کے خلاف طویل جنگ کے باعث بےشمار چیلنجز کا سامنا کیا۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے ملک کی ترقی و استحکام اور امن کے لیے ایک دوسرے سے تعاون بڑھانا ہوگا، خواتین خیبرپختونخوا اور نئے ضم شدہ اضلاع کی ترقی میں زیادہ سے زیادہ حصہ لیں تاکہ اس تبدیلی کا پورا فائدہ اٹھایا جاسکے۔ اجلاس میں آرمی چیف کو اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی پر بریفنگ دی گئی، آرمی چیف کو منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف اقدامات سمیت مجموعی سکیورٹی کی صورتحال کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔