اسرائیلی بربریت سے 6 فلسطینی شہید
شمالی اسرائیل میں دن دیہاڑے فائرنگ، میاں بیوی اور 3 بچے جاں بحق، فائرنگ کا دوسرا واقعہ حائفہ میں پیش آیا، کام پہ جانیوالے فلسطینی کو گولی مار کر شہید کر دیا گیا۔
تل ابیب: (ویب ڈیسک) اسرائیلی انتہا پسندوں کی ظالمانہ کارروائیوں میں 6 فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔ شمالی اسرائیل کے شہر بسمہ طبعون میں دن دیہاڑے فائرنگ کرکے ایک ہی خاندان کے 3 مرد اور 2 عورتوں کو قتل کردیا گیا ہے۔ فائرنگ سے قتل کیے گئے ایک ہی گھر کے مقتولین میں میاں بیوی اور ان کے تین بچے شامل تھے۔
فائرنگ کا دوسرا واقعہ اسرائیل کے ساحلی شہر حائفہ میں پیش آیا جہاں کام پر جاتے ہوئے ایک فلسطینی اسرائیلی شہری پر نقاب پوش مسلح شخص نے فائرنگ کرکے اسے قتل کردیا۔ اسرائیلی پولیس نے دونوں واقعات کو مجرمانہ عمل قرار دے دیا ہے۔ پولیس کا کہنا کہ فائرنگ میں ملوث ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے، جلد ہی انہیں گرفتار کر لیا جائے گا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں واقعات سے متعلق تحقیقات جاری ہیں جبکہ واقعات کے باہمی تعلق کے حوالے سے بھی تحقیقات کی جائیں گی۔ ابراہم انیشئیٹو ایڈووکیسی گروپ کے مطابق رواں سال اسرائیل میں قتل کیے گئے فلسطینی اقلیت سے تعلق رکھنے والے اسرائیلی شہریوں کی تعداد 188 سے تجاوز کر گئی ہے۔ عالمی برادری کی خاموشی کی وجہ سے اسرائیلی اہلکار فلسطینیوں کی نسل کشی کا موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے۔