حماس کے خلاف جنگ میں شریک اسرائیلی فوجی بوکھلاہٹ کا شکار
متعدد اسرائیلی فوج اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک، اسرائیلی فوج کے ترجمان کا ٹائمز آف اسرائیل کو انٹرویو، غزہ میں جنگ بندی سے متعلق قطر، مصر، اردن، اقوام متحدہ اور امریکہ کی کوششیں کامیاب نہیں ہو سکی ہیں۔
غزہ: (ویب ڈیسک) غزہ میں حماس کے خلاف جنگ میں حصہ لینے والے اسرائیلی فوجی بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئے ہیں۔ ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ اکثر اسرائیلی فوجی اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوئے ہیں۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان نے ٹائمز آف اسرائیل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں کی اکثریت غلطی سے اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بنی ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ غزہ میں بری فوج کی کاروائیوں کا مسلسل جائزہ لے رہے ہیں۔ اسرائیلی فوج 27 اکتوبر کو زمینی کاروائیوں کیلئے غزہ میں داخل ہوئی تھی۔ رپورٹ کے مطابق غزہ میں زمینی کاروائیوں کے دوران اب تک 66 اسرائیلی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان نے اعتراف کیا ہے کہ جنگ کے دوران اسرائیلی فوجیوں سے کافی غلطیاں ہوئی ہیں۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ہم اپنی غلطیوں سے سبق سیکھ رہے ہیں۔ یاد رہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ میں اسرائیلی فوج کے فضائی اور زمینی حملے جاری ہیں۔ دوسری جانب اقوام متحدہ، امریکہ، قطر، مصر اور اردن غزہ میں جنگ بندی کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ واضح رہے کہ اسرائیلی وزیراعظم کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے ابھی تک غزہ میں جنگ بندی کا کوئی معاہدہ نہیں ہو سکا ہے۔