صدر عارف علوی کے بیان کی گھن گرج جاری

سینیٹ آف پاکستان میں ہنگامہ، اراکین نے صدر مملکت کا بیان مسترد کر دیا، نگران وزیر خارجہ نے بیان سے لا تعلقی کا اظہار کر دیا۔
اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیر صدارت سینیٹ آف پاکستان کا اجلاس ہوا ہے۔ اجلاس کے دوران سینیٹر رضا ربانی کا کہنا تھا کہ صدر عارف علوی نے فلسطین کے صدر سے ٹیلیفونک رابطے کے بعد ایوان صدر سے جاری کی جانے والی پریس ریلیز میں کہا کہ اسرائیل اور فلسطین کے مسئلے کا ایک ریاستی حل ہے۔ سینیٹر رضا ربانی نے اس بات پر ایوان میں کہا کہ میں صدر سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ کرتا ہوں۔
نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے سینیٹ میں کہا کہ صدر نے فلسطین کے ایک ریاستی حل کا بیان جاری کرتے ہوئے وزارت خارجہ سے مشورہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ رضا ربانی کی بات بالکل ٹھیک ہے۔ پاکستان کا مؤقف فلسطین کا دو ریاستی حل ہی رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے صدر کے بیان کے بعد وضاحتی بیان جاری کیا جسے ملکی و غیر ملکی میڈیا نے نمایاں کوریج دی۔ بعد ازاں سینیٹ کا اجلاس جمعہ کی صبح ساڑھے 10 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔ واضح رہے کہ ایوان صدر سے جاری صدر مملکت کے بیان سے متعلق کہا گیا تھا کہ صدر نے فلسطینی ہم منصب محمود عباس سے فون پر گفتگو کی اور مسئلہ فلسطین کا ایک ریاستی حل تجویز کیا۔