نیب افسران کی تنخواہوں میں مزید اضافہ

image

چیئرمین نیب کے حکم پر وفاقی کابینہ نے منظوری دے دی، پراسیکیوٹر جنرل کی تنخواہ 16 لاکھ 58 ہزار روپے مقرر، ڈپٹی چیئرمین نیب اور پراسیکیوٹر جنرل نیب کو ریکوری پر بونس بھی ملے گا۔

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) نگران حکومت نے نیب افسران کی تنخواہوں میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ وفاقی کابینہ کی جانب سے نیب افسران کی تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈپٹی چیئرمین نیب سہیل ناصر کو 15 لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ کے ساتھ ساتھ دیگر مراعات بھی دی جائیں گی۔

نیب کے پراسیکیوٹر جنرل سید احتشام شاہ کو 16 لاکھ 58 ہزار روپے ماہانہ تنخواہ کے علاوہ دیگر مراعات سے بھی نوازا جائے گا۔ ڈپٹی چیئرمین نیب کو 500 لیٹر ماہانہ پٹرول، بجلی، گیس اور دیگر الاؤنسز بھی دیے جائیں گے۔ ڈپٹی چیئرمین نیب سہیل ناصر کی مراعات ہائی کورٹ کے جج کے مساوی ہوں گی۔ 

ڈپٹی چیئرمین نیب اور پراسیکیوٹر جنرل نیب کو ریکوری کرنے پر بونس بھی دیا جائے گا۔ خیال رہے کہ وزارت قانون کی سمری پر وفاقی کابینہ سے سرکولیشن کے ذریعے منظوری حاصل کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ وفاقی کابینہ نے چیئرمین نیب نذیر احمد کی سفارش پر نیب افسران کی تنخواہوں میں اضافہ کیا ہے۔