موسم سرما میں پانی کا مناسب استعمال بہترین جسمانی کارکردگی کی ضمانت
جسم میں پانی کی مقدار 60 فیصد، پانی کی معمولی کمی سے متعدد دماغی افعال متاثر ہونے کا خدشہ، اگر آپ مناسب مقدار میں پانی پیتے ہیں تو گردوں کی پتھری کا خطرہ کم ہو جاتا ہے۔
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) جیسا کہ ہم جانتے ہیں سردیوں میں پیاس کا احساس کم ہوتا ہے جس کی وجہ سے لوگ پانی بھی کم استعمال کرتے ہیں۔ طبی ماہرین کے مطابق پانی کا کم استعمال متعدد جسمانی بیماریوں کا باعث بن سکتا ہے۔ ہمارے جسم کا 60 فیصد حصہ پانی پر مبنی ہے اسی لئے ڈاکٹرز روزانہ مناسب مقدار میں پانی پینے کا مشورہ دیتے ہیں۔
مناسب مقدار میں پانی پینے سے جسمانی کارکردگی بہتر ہوتی ہے جبکہ جسمانی مشقت کے اثرات بھی کم ہوتے ہیں۔ پانی دماغی افعال کیلئے بھی بہت اہم ہے کیونکہ جسم میں پانی کی معمولی کمی سے متعدد دماغی افعال متاثر ہوتے ہیں۔ سر درد جسم میں پانی کی کمی کی سب سے عام علامت ہے لیکن اگر آپ روزانہ مناسب مقدار میں پانی پیتے ہیں تو سر درد کی شدت میں کمی آتی ہے۔
جسم میں پانی کی کمی کے باعث قبض کی شکایت ہو سکتی ہے۔ اگر آپ قبض کو ہمیشہ خود سے دور رکھنا چاہتے ہیں تو پانی کا مناسب استعمال کیا کریں۔ گردوں میں پتھری کو اکثر پانی کی کمی سے منسلک کیا جاتا ہے لیکن اگر آپ مناسب مقدار میں پانی پیتے ہیں تو گردوں میں پتھری کا خطرہ کم ہو جاتا ہے۔ مناسب مقدار میں پانی پینے سے جسمانی وزن میں کمی لانے میں مدد ملتی ہے۔