کے ایس ای-100 انڈیکس 58 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کر گیا

image

اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل تیزی کا رجحان، مارکیٹ میں تیزی کے باعث آئندہ ماہ آئی ایم ایف سے ڈالر ملنے کی توقع، مارکیٹ میں تیزی غیر ملکی خریداری بحال ہونے کی وجہ سے ہوئی ہے۔

اسلام آباد: (اکانومی ڈیسک) اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا سلسلہ جاری ہے۔ آج کاروبا رکے آغاز میں بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں 600 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔ تقریباً ساڑھے 11 بجے کے قریب کے ایس ای-100 انڈیکس 58 ہزار 799 پوائنٹس پر ٹریڈ کر رہا تھا۔

گزشتہ ہفتے سے اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔ بینچ مارک 100 انڈیکس نے اب تک کی بلند ترین سطح کو چھو لیا ہے۔ گزشتہ روز کے ایس ای 100 انڈیکس 58 ہزار کی نفسیاتی حد کو عبور کر گیا ہے۔

مارکیٹ میں تیزی کے باعث آئندہ ماہ آئی ایم ایف سے ڈالر ملنے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔ انٹر مارکیٹ سیکیورٹیز لمیٹڈ کے ایکویٹیز ہیڈ رضا جعفری کے مطابق مارکیٹ میں تیزی غیر ملکی خریداری بحال ہونے کی وجہ سے ہوئی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت کی جانب سے معیشت پر توجہ مرکوز کرنے کے باعث مستقبل میں شرح سود میں کمی متوقع ہے۔