پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری

image
اسلام آباد: (بزنس ڈیسک) عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی ایس اینڈ پی گلوبل نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ ' بی مائنس' سے بڑھا کر 'بی' کر دی ہے۔ ایجنسی نے کہا ہے کہ سرکاری ذرائع سے مسلسل مالی معاونت آئندہ 12 ماہ کے دوران پاکستان کو بیرونی ادائیگیوں کی ذمہ داریاں پوری کرنے اور کمرشل قرضوں کی تجدید جاری رکھنے میں مدد دے گی۔ اسی لیے ملک کا آؤٹ لک اسٹیبل برقرار رکھا گیا ہے۔ آئی ایم ایف کی معاونت سے کی جانے والی اصلاحات سے پاکستان کی معاشی اور بیرونی پوزیشن مضبوط ہوئی ہے۔ ان اصلاحات نے پاکستان میں معاشی استحکام بحال کرنے، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ کرنے اور مالیاتی و بیرونی شعبے پر دباؤ کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ایس اینڈ پی نے مالی سال 2027ء کیلئے 3.5 فیصد گروتھ کی پیش گوئی کی ہے۔ واضح رہے کہ یہ اپ گریڈ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان بیرونی مالی وسائل کے حصول کی کوشش کر رہا ہے۔ پاکستان امریکہ سے 10 ارب ڈالر کی مجوزہ ایکسچینج اسٹیبلائزیشن فیسلٹی پر بھی بات چیت کر رہا ہے۔ پاکستان کو اگر اس سہولت کی منظوری مل جاتی ہے تو زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ اور روپے پر دباؤ میں کمی آئے گی۔