پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں پر حکومت کا یومیہ تعین مسترد

image
اسلام آباد: (نیشنل ڈیسک ) پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا یومیہ تعین پٹرول پمپ مالکان نے مسترد کر دیا ہے۔ فیصلہ واپس نہ لینے کی صورت میں دما دم مست قلندر بھی ہوگا۔ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کے یومیہ تعین کا فیصلہ کیا ہے۔ قیمتوں کا بینچ مارک گزشتہ 7 دن کی اوسط قیمت ہوگی۔ پٹرول پمپ مالکان اور ڈیلروں کا حکومتی فیصلے پر شدید اعتراض ہے اور اس فیصلے کو ظلم اور زیادتی قرار دیا گیا ہے۔ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے پہلے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مؤثر مشاورت نہیں کی گئی۔ او ایم سیز کے مطابق بیشتر کمپنیاں فوری طور پر روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں کے نظام پر عملدرآمد کے لیے تیار نہیں ہیں۔ تفصیلات کے مطابق آل پاکستان پٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے مجوزہ پالیسی مسترد کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو آئندہ ہفتے احتجاج اور ہڑتال پر غور کیا جائے گا۔ پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ اگر ڈیلرز کے تحفظات دور نہ کیے گئے تو کاروبار جاری رکھنا مشکل ہو جائے گا۔ سندھ ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر امیر خان نے بھی روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں کے تعین کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کام بند کرنے کی دھمکی دی ہے۔