سابق آسٹریلوی کپتان کا بابر اعظم کے حق میں بیان
این چیپل کی پی سی بی پر تنقید، بابر اعظم کو کپتانی سے ہٹانے پر برہمی کا اظہار، انہوں نے بابر اعظم کو پاکستانی اسکواڈ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا ہے۔
سڈنی: (اسپورٹس ڈیسک) آسٹریلوی کپتان این چیپل نے بابر اعظم کے کپتانی چھوڑنے پر پی سی بی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان و کمنٹیر این چیپل نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ یہ بہت دکھ کی بات ہے، میرے خیال میں بابر بہت اچھا کھلاڑی ہے۔ بابر اعظم ٹیم کو کہیں چھوڑ کر نہیں جانے والے، شاید ٹیم کو اچھا کپتان بھی مل جائے۔
انہوں نے کہا کہ پی سی بی کی روش ہے کہ یہ کپتانوں کو بار بار تبدیل کرتے رہتے ہیں۔ پاکستانی ٹیم کے دورہء آسٹریلیا سے متعلق این چیپل نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ مسئلہ یہ ہے کہ ان کا آسٹریلیا میں سابقہ ریکارڈ اچھا نہیں ہے۔ یہاں تک کہ جب ان کی ٹیم اچھی تھی تب بھی ریکارڈ اچھا نہیں تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کے پاس ابھی اچھے فاسٹ بولر ہیں لیکن آسٹریلوی پچز پر باؤنس نے ہمیشہ پاکستانی بیٹرز کو تنگ کیا ہے۔ اگر آپ آسٹریلیا کو دیکھیں تو ٹیم کمزور ہے لیکن بولنگ لائن کافی مضبوط ہے۔ آسٹریلوی ٹیم میں مچل اسٹارک، پیٹ کمنز اور ہیزل ووڈ پاکستانی بیٹرز کو پریشان کر دیں گے۔