آسٹریلیا میں اچھا پرفارم کرنے کی کوشش کریں گے: کپتان قومی ٹیسٹ ٹیم

image

پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کا کہنا ہے کہ بابر اعظم کے ساتھ بہت اچھی انڈر اسٹینڈنگ ہے وہ ایک بہترین بیٹر اور ہمارے بیٹنگ لیڈر ہیں، پاکستان کرکٹ ٹیم 30 نومبر کو آسٹریلیا کے دورے پر روانہ ہوگی۔

لاہور: (سپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم 30 نومبر کو آسٹریلیا کے دورے پر روانہ ہوگی جہاں وہ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی، پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ 14 سے18 دسمبر تک پرتھ میں کھیلا جائے گا۔ دوسرا ٹیسٹ 26سے 30 دسمبر تک میلبرن میں ہوگا جبکہ سڈنی 3 سے 7 جنوری تک تیسرے ٹیسٹ کی میزبانی کرے گا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ٹیسٹ کپتان شان مسعود کا کہنا تھا آسٹریلیا کی سیریز ہم سب کے لیے ایک چیلنج ہے، ورلڈ ٹیسٹ چیمپین شپ کا آغاز ہو چکا ہے، ہمارا آغاز اچھا ہےکوشش ہو گی کہ فائنل کھیلیں۔ اپنی ٹیم میں واپسی سے متعلق شان مسعود کا کہنا تھا نیوزی لینڈ کے دورے کے بعد میں ڈراپ ہو گیا تھا۔

کپتان قومی ٹیم کا کہنا تھا ہم نتائج کی ذمہ داری لیں گے، جو اچھا نہیں ہو رہا اس کو بہتر کریں گے، تنقید ہوتی ہے لیکن تعمیری تنقید کو ضرور دیکھیں گے۔ ان کا کہنا تھا ملتان سلطانز کی کپتانی اینڈی فلاور کی موجودگی میں ملنا میرے لیے ٹرننگ پوائنٹ تھا اور ڈربی شائر کی کپتانی نے بھی مجھے بہت تجربہ دیا۔