اسرائیل کے ہاتھوں فلسطینیوں کی بربادی دیکھیں، حماس کی ایلون مسک کو دورہ غزہ کی دعوت

image

 اسامہ حمدان نے کہا کہ ہم ایلون مسک کو غزہ کا دورہ کرنے کی دعوت دیتے ہیں تاکہ وہ غزہ کے عوام کے خلاف ہونے والے قتل عام اور تباہی دیکھیں۔

غزہ: (ویب ڈیسک) حماس کے سینئر عہدیدار نے امریکی ارب پتی بزنس مین ایلون مسک کو غزہ کا دورہ کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کے ہاتھوں فلسطینیوں کے ساتھ ہونے والی تباہی کا منظر بھی دیکھیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق حماس کے سینئر عہدیدار اسامہ حمدان نے لبنان کے دار الحکومت بیروت میں پریس کانفرنس کی اور سماجی پلیٹ فارم ایکس کے مالک ایلون مسک کو غزہ کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔

انہوں نے کہا کہ 50 دنوں کے اندر اسرائیل نے 40 ہزار ٹن سے زائد دھماکا خیز مواد کی مدد سے غزہ کے لوگوں کے گھر اجاڑ دیے، امریکی صدر جو بائیڈن سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ اسرائیل کے ساتھ امریکی تعلقات پر نظرثانی کریں اور انہیں ہتھیاروں کی فراہمی بند کریں۔ یاد رہے کہ 27 نومبر کو ایلون مسک نے اسرائیل کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو سے بھی ملاقات کی تھی۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق یہ خبریں بھی گردش کررہی تھیں کہ ایلون مسک نے حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے دوران ہونے والے دورے کے بعد غزہ پر اسرائیل کی جنگ کی حمایت کی تھی۔