بنگلہ دیش میں طوفانی بارشوں سے 44 افراد ہلاک
ڈھاکہ: (ویب ڈیسک) بنگلا دیش میں شدید بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں کم از کم 44 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ جبکہ 10 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔ سب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں میں چٹوگرام، کاکس بازار، بندربن، رنگامٹی، کھاگڑاچھڑی، مولوی بازار اور حبی گنج شامل ہیں۔
شدید بارشوں کے باعث متعدد سڑکیں اور پل تباہ ہو چکے ہیں۔ ہزاروں گھر زیرِ آب آ چکے ہیں، سڑکیں تباہ ہونے سے امدادی سرگرمیوں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
حکام کے مطابق تقریباً 2 لاکھ 68 ہزار گھرانے سیلاب سے براہِ راست متاثر ہوئے ہیں۔ بنگلہ دیش کی فوج، بحریہ اور دیگر امدادی ادارے کشتیوں کے ذریعے خوراک، پینے کا پانی اور طبی امداد دور دراز علاقوں تک پہنچانے میں مصروف ہیں۔ کئی لاپتہ افراد کی تلاش کیلئے ٹیمیں بھی سرگرم عمل ہیں۔