یوکرین روس جنگ میں شدت بڑھ گئی
پیرس: (ویب ڈیسک) یوکرین کو روسی میزائل حملوں سے محفوظ رکھنے کے لیے اتحادی ممالک کا اجلاس آج پیرس میں ہو گا۔ جس میں فضائی دفاعی نظام کی فراہمی، روس پر نئی پابندیوں اور سکیورٹی تعاون پر غور کیا جائے گا۔ اجلاس میں یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی سمیت کم از کم 25 ممالک کے رہنما شریک ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق یہ اجلاس نیٹو سربراہی اجلاس کے چند روز بعد ہو رہا ہے۔ جس کا مقصد یوکرین کے لیے مغربی حمایت کا اعادہ کرنا اور مستقبل کے امن معاہدے کے لیے مشترکہ حکمت عملی تیار کرنا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حالیہ ہفتوں میں روس نے کیف اور دیگر علاقوں پر میزائل اور ڈرون حملوں میں شدت لائی ہے۔
یوکرینی حکام کے مطابق حالیہ حملوں میں متعدد شہری ہلاک اور زخمی ہوئےہیں۔ صدر زیلنسکی نے الزام عائد کیا ہے کہ روس جان بوجھ کر شہری علاقوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔ دوسری جانب روس کا کہنا ہے کہ اس کی کارروائیاں صرف فوجی اہداف تک محدود ہیں۔