ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف کی راولپنڈی میں اہم نیوز کانفرنس

image
راولپنڈی: (نیوز ڈیسک) ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے راولپنڈی میں اہم نیوز کانفرنس کی ہے۔ بلوچستان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ 4 روز کے دوران بلوچستان میں دہشت گردی کے 3 بڑے واقعات ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا پہلا واقعہ 4 اور 5 جولائی کی درمیانی شب پیش آیا جب دہشتگردوں نے عام شہریوں کو نشانہ بنایا۔ دہشت گردی کے اس واقعے میں کوئٹہ کے علاقے منگی ڈیم میں دہشت گردوں نے 4 شہریوں کو شہید کر دیا ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے جوابی کاروائی کرتے ہوئے 15 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں سیکیورٹی فورسز کے 9 اہلکاروں نے بھی جام شہادت نوش کیا ہے۔ اس آپریشن میں ایف سی، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حصہ لیا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف ایک اور آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کے 10 جوان شہید ہوئے ہیں۔ اس آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 14 دہشت گرد بھی مارے گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق دہشت گردوں نے اس علاقے میں کچھ بچوں کو بھی یرغمال بنایا ہوا تھا۔ پاک فوج کے ترجمان کے مطابق خاران اور دالبدین میں بھی مختلف آپریشنز کیے گئے ہیں جن میں متعدد دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر نے دہشت گردی کے ان واقعات میں 54 دہشت گردوں کی ہلاکت اور 42 جوانوں کی شہادتوں کی تصدیق کر دی ہے۔ واضح رہے کہ بلوچستان کے علاقے زیارت کے پہاڑی علاقوں میں ابھی تک سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔