پاکستان کی سعودی عرب پر حوثی میزائل حملوں کی شدید مذمت

image
نیویارک: پاکستان نے سعودی عرب پر حوثیوں کے بیلسٹک میزائل حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے مملکت کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے اپنی مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مشرق وسطیٰ اور یمن کی صورتحال پر ہونے والے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے نائب مستقل مندوب عثمان جدون نے کہا کہ ایسے حملے خطے میں کشیدگی میں مزید اضافے کا باعث بن سکتے ہیں۔ عثمان جدون نے کہا کہ پاکستان یمن کی خودمختاری، آزادی، اتحاد اور علاقائی سالمیت کی بھی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ بڑھتی ہوئی علاقائی کشیدگی کے خاتمے کے لیے تحمل، مذاکرات اور سفارتکاری کا راستہ اختیار کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ یمن میں پائیدار امن صرف یمن کی قیادت میں ہونے والے سیاسی عمل کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی اتحادی فورس کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے بتایا کہ حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کے جنوبی علاقے کی طرف بیلسٹک میزائل داغے گئے، جنہیں سعودی فضائی دفاعی نظام نے فضا میں ہی تباہ کر دیا۔ دوسری جانب حوثیوں نے سعودی عرب پر صنعا ایئرپورٹ پر فضائی حملے کا الزام عائد کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ اس کارروائی کے نتائج بھگتنا ہوں گے۔