پی ایس ایل شیڈول فائنل نہ ہو سکا
ملکی سیاسی صورتحال کی وجہ سے وینیوز تبدیلی پر غور، لیگ فرنچائزز نے تشویش کا اظہار کر دیا، پاکستان سپر لیگ کو یو اے ای منتقل کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔
لاہور: (اسپورٹس ڈیسک) پی ایس ایل 9 کا شیڈول اور وینیوز ابھی تک فائنل نہیں ہو سکے ہیں جس کی وجہ سے لیگ میں شامل فرنچائزز تشویش کا شکار ہو رہے ہیں۔ ملک میں عام انتخابات کی وجہ سے مقابلوں کو یو اے ای منتقل کرنے کی تجویز بھی سامنے آ چکی لیکن تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔
پی سی بی از خود فیصلہ کرنے کے بجائے ٹیموں سے مشاورت چاہتی ہے، اس حوالے سے رہنمائی کیلئے حکومت کو بھی خط لکھا جا چکا ہے۔ اب تک پاکستان میں ہی میچز کو ذہن میں رکھ کر 2 مجوزہ شیڈول تیار کیے گئے ہیں، ایک میں 4 وینیوز کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں میچز کا لکھا گیا ہے۔ دوسرے میں صرف ابتدائی 2 شہروں میں ہی مقابلوں کا درج ہے۔
گزشتہ روز یہ دونوں شیڈول فرنچائزز کے ساتھ شیئر بھی کر دیے گئے ہیں۔ زلمی نے پشاور کو بھی میزبان شہروں میں شامل کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ میچز کی تاریخوں اور وینیوز کو ہی فائنل کرنے کے بعد براڈ کاسٹ و پروڈکشن ڈیل مکمل ہو سکیں گی۔