آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا دورہء کویت

image

ولی عہد کویت سے ملاقات، علاقائی سلامتی پر تبادلہء خیال، نگران وزیر قانون احمد عرفان اسلم بھی آرمی چیف کے ہمراہ ہیں۔

کویت سٹی: (ویب ڈیسک) چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر خلیجی ریاست کویت کے 2 روزہ دورے پر کویت پہنچے ہیں۔ انہوں نے سرکاری دورے کے دوران کویت کے ولی عہد شیخ مشعل الجابر الصباح سے ملاقات کی ہے۔ کویتی نیوز ایجنسی ’کونا‘ کی رپورٹ کے مطابق آرمی چیف کے ہمراہ نگران وزیر قانون احمد عرفان اسلم، کویت میں پاکستانی سفیر ملک محمد فاروق اور دیگر حکام پر مشتمل وفد بھی موجود ہے۔

مشرقی وسطیٰ کے دورے پر موجود نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ بھی خلیجی ریاست کے ساتھ تعلقات کو مستحکم کرنے کیلئے گزشتہ رات کویت پہنچے تھے۔ وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم آج ولی عہد اور اپنے کویتی ہم منصب شیخ احمد النوف الاحمد الصباح سے ملاقات کریں گے۔ اعلیٰ سطحی ملاقات میں دفاع سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون سے متعلق مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے جانے کی توقع ہے۔

وزیر اعظم کے دفتر ذرائع کا کہنا ہے کہ اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعاون کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ 2023ء میں پاکستان اور کویت کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 60ویں سالگرہ منائی گئی۔ وزیراعظم متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کا دورہ مکمل کرنے کے بعد منگل کو 2 روزہ دورے پر کویت پہنچے تھے۔