فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے روسی صدر کا فلسطینی صدر کے نام خط

image

فلسطینی عوام کے جائز حقوق کی بحالی کیلئے حمایت کا اعلان، روسی صدر کے خصوصی ایلچی نے منگل کے روز صدر محمود عباس تک خط پہنچایا، 1967ء کی سرحدوں پر فلسطینی ریاست کا قیام فلسطینیوں اور اسرائیل کے درمیان جاری تنازع کی بنیادی شرط ہے۔ 

ماسکو: (ویب ڈیسک) روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے فلسطینی صدر محمود عباس کے نام ایک خط بھیجا ہے۔ روسی صدر کے خصوصی ایلچی اور نائب وزیر خارجہ میخائل بوگدانوف نے منگل کے روز فلسطینی صدر تک روسی صدر کا خط پہنچایا۔ فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر روسی صدر کا کہنا تھا کہ غزہ کا تنازعہ فلسطین میں شہری آبادی کیلئے ناقابل برداشت مصائب کا باعث ہے۔ 

صدر ولادیمیر پیوٹن نے خط میں فلسطینی عوام کے جائز حقوق کی بحالی کی حمایت میں روس کے مضبوط مؤقف کی توثیق کی یقین دہانی کرائی ہے۔ روسی صدر نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کا حل منصفانہ اور طویل المدتی فلسطینی، اسرائیلی تصفیے کے حصول کیلئے ایک اہم شرط سمجھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1967ء کی سرحدوں کے اندر اور مشرقی بیت المقدس پر مشتمل ایک آزاد فلسطینی ریاست کی حمایت جاری رکھیں گے۔ 

دوسری طرف صیہونی ریاست نے غزہ کی پٹی پر مسلط کی گئی 2007ء کی ناکہ بندی کو مزید سخت کر دیا ہے۔ 9 اکتوبر سے شروع ہونے والے محاصرے کے دوران فلسطینیوں کیلئے پانی، خوراک، بجلی، ادویات اور ایندھن کی سپلائی بند کر دی گئی ہے۔ اقوام متحدہ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اسرائیلی بمباری سے غزہ میں آدھے سے زیادہ مکانات تباہ ہو چکے ہیں۔ غزہ کے شہری شمال سے جنوب میں نقل مکانی پر مجبور ہو گئے ہیں۔