پاکستان مہاجرین کے حقوق سے متعلق اقوام متحدہ کے معاہدوں سے انحراف نہیں کرے گا: جسٹس عائشہ ملک

image

عدالت نے ریمارکس دیے کہ غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کی بے دخلی کا معاملہ آئینی تشریح کا بھی ہے، اٹارنی جنرل اس معاملے پر لارجر بنچ تشکیل دینے کے نکتے پر معاونت کریں۔

لاہور: (نیوز ڈیسک) سپریم کورٹ نے غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کی بے دخلی کے کیس میں وفاق، اپیکس کمیٹی، وزرات خارجہ اور اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کردیے جبکہ جسٹس عائشہ ملک نے ریمارکس دیے ہیں کہ اقوام متحدہ کے معاہدے مہاجرین کے حقوق کو تحفظ دیتے ہیں، پاکستان اقوام متحدہ کے ان معاہدوں کا پابند ہے۔ جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس عائشہ ملک پر مشتمل 3 رکنی بینچ نے افغان شہریوں کی بے دخلی کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزار فرحت اللہ بابر نے بتایا کہ نگران حکومت کے پاس غیر قانونی شہریوں کی بے دخلی کا مینڈیٹ نہیں، جن افغان شہریوں کو بے دخل کیا جا رہا ہے وہ سیاسی پناہ کی درخواستیں دے چُکے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ افغان شہریوں کے ساتھ حکومت پاکستان غیر انسانی سلوک کر رہی ہے، نگران حکومت پالیسی معاملات پر حتمی فیصلہ کرنے کا آئینی اختیار نہیں رکھتی، اس عدالت کے پاس شہریوں کے حقوق کے تحفظ کا اختیار ہے۔ جسٹس یحییٰ آفریدی نے استفسار کیا کہ درخواست گزاروں کے کون سے بنیادی انسانی حقوق متاثر ہوئے ہیں، ان کی نشاندہی کریں؟ جس پر درخواست گزار نے بتایا کہ آرٹیکل 4، 9 ،10 اے اور آرٹیکل 25 کے تحت بنیادی انسانی حقوق متاثر ہوئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق یکم نومبر کو درخواست فرحت اللہ بابر، سینیٹر مشتاق احمد، آمنہ مسعود جنجوعہ، محسن داوڑ، محمد جبران ناصر، سید معاذ شاہ، پادری غزالہ پروین، ایمان زینب مزاری، احمد شبر، ایڈووکیٹ عمران شفیق، لیوک وکٹر، سجل شفیق اور روحیل کاسی کی جانب سے مشترکہ طور پر دائر کی گئی تھی، اور گزشتہ روز لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (لمز) کے 6 فیکلٹی اراکین نے آئین کے آرٹیکل 184 (3) کے تحت ایک اور درخواست دائر کی۔