چیف جسٹس سپریم کورٹ قاضی فائز عیسیٰ کا اہم فیصلہ
آئینی عہدوں کیلئے خریدی گئی لگژری گاڑیاں نیلام کرنے کا حکم، گاڑیوں کی نیلامی کیلئے سیکریٹری کابینہ اور چیف سیکریٹری پنجاب کو خط ارسال، چیف جسٹس نے عہدہ سنبھالنے کے بعد لگژری گاڑیاں استعمال نہیں کیں، گاڑیوں کی نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم پبلک ٹرانسپورٹ پر خرچ کی جائے گی۔
اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ایک اہم فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے خود کو ملی ہوئی لگژری گاڑیاں نیلام کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چیف جسٹس کیلئے خریدی گئی شاہانہ گاڑیاں نیلامی کے ذریعے فروخت کر دی جائیں گی۔
چیف جسٹس نے 2020ء میں خریدی گئی 61 ملین کی مرسیڈیز بینز فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے علاؤہ پنجاب حکومت کی جانب سے فراہم کی گئی بلٹ پروف لینڈ کروزر بھی نیلام کی جائے گی۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ گاڑیوں کی نیلامی کیلئے سیکریٹری کابینہ اور چیف سیکرٹری پنجاب کو خط ارسال کر دیا گیا ہے۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا کہنا ہے کہ آئینی عہدوں کیلئے لگژری گاڑیاں درآمد کرنا درست نہیں۔ خیال رہے کہ چیف جسٹس کا عہدہ سنبھالنے کے بعد قاضی فائز عیسیٰ نے دونوں لگژری گاڑیاں استعمال نہیں کی ہیں۔ چیف جسٹس نے فیصلہ کیا ہے کہ گاڑیوں کی نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم پبلک ٹرانسپورٹ پر خرچ کی جائے گی۔