قومی ٹی ٹونٹی کپ میں احمد شہزاد کی زبردست کارکردگی

image

نیشنل ٹی ٹونٹی راؤنڈ 8 کا آغاز، سابق پاکستانی اوپنر احمد شہزاد نے لگاتار چوتھی نصف سینچری جڑ دی، میگا ایونٹ میں پشاور نے لاہور وائٹس کو 7 وکٹوں سے زیر کر لیا۔

لاہور: (اسپورٹس ڈیسک) نیشنل ٹی 20 کپ کا راؤنڈ 8 شروع ہو گیا ہے۔ ابتدائی میچز میں سیالکوٹ، راولپنڈی اور پشاور نے فتوحات اپنے نام کر لی ہیں۔ احمد شہزاد نے لگاتار چوتھی ففٹی بنا کر قومی ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔

نیشنل ٹی 20 کپ میں پشاور نے لاہور وائٹس کو 7 وکٹوں سے ہرا دیا ہے۔ ناکام سائیڈ نے 6 وکٹ پر 136 رنز بنائے، احمد شہزاد 5 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 53 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ عمر اکمل نے 49 رنز اسکور کیے، اعظم خان نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

دوسرے میچ میں صاحبزادہ فرحان نے 8 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 64 رنز جبکہ حارث نے 52 رنز اسکور کیے۔ دونوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 102 رنز بنائے، سیالکوٹ نے فاٹا کو 8 وکٹ سے مات دی، فاٹا کی ٹیم 16.5 اوورز میں 103 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

فاٹا کی طرف سے سلمان خان نے 23 رنز بنائے، صہیب اللّٰہ نے 8 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ محمد علی نے بھی 3 وکٹیں 9 رنز کے عوض اڑائیں، شعیب ملک نے 2 پلیئرز کو میدان بدر کیا۔ سیالکوٹ نے 14.1 اوورز میں 2 وکٹ پر مطلوبہ اسکور پورا کرلیا، سلمان خان 48 اور محمد حریرہ 47 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ راولپنڈی نے ایبٹ آباد کو 32 رنز سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر پوزیشن مستحکم کر لی ہے۔