سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے عالمی درجہ حرارت پر کنٹرول ناگزیر قرار دے دیا

image

انتونیو گوتریس کا دبئی میں عالمی موسمیاتی کانفرنس سے خطاب، ہم پیرس موسمیاتی معاہدے کے مقاصد سے میلوں دور ہیں، ترقی پذیر ممالک ان آفات سے تباہ ہو رہے ہیں، ماحولیات کا تحفظ کرنا دنیا کی قیادت کا سب سے بڑا امتحان ہے۔ 

دبئی: (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے عالمی درجہ حرارت کو کنٹرول کرنا ناگزیر قرار دے دیا ہے۔ انتونیو گوتریس نے دبئی میں ہونے والی عالمی موسمیاتی کانفرنس سے خطاب کیا ہے۔ دوران خطاب انہوں نے کہا کہ ہم پیرس میں ہونے والے موسمیاتی معاہدے سے دور ہیں لیکن ابھی بھی وقت ہے۔ 

سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے موسمیاتی کانفرنس آف پارٹنر 28 سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک کو موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے اپنی پالیسیوں پر نظر ثانی کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج کو روک کر زمین کی حفاظت ناگزیر ہے۔ انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ فوسل ایندھن کو جلانا بند کر دینا چاہیے۔ 

کانفرنس میں شریک عالمی رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے کہا کہ موسمیاتی انصاف بہت پہلے ہو جانا چاہیے تھا۔ انہوں نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک موسمیاتی تبدیلی کے باعث تباہ ہو رہے ہیں۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے مزید کہا کہ ماحولیات کا تحفظ کرنا دنیا کی قیادت کا سب سے بڑا امتحان ہے۔