کشمیری عوام نے کالعدم کمیٹی کی ہڑتال کو مسترد کر دیا

image
مظفرآباد: (نیشنل ڈیسک) آزاد جموں و کشمیر میں کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے ہڑتال کی کال دی گئی تھی جسے عوام نے مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے۔ کشمیری عوام نے پاکستان اور پاک فوج سے بھرپور انداز میں اظہار یکجہتی کیا ہے۔ وادی لیپہ کے شہریوں نے کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کی امن و امان خراب کرنے کی کسی بھی سازش کا حصہ نہ بننے کا اعلان کیا ہے۔ کشمیر کے علاقے وادی لیپہ کے شہریوں کا کہنا تھا کہ ہم اپنے آباؤ اجداد کے نظریے پر قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور پاک فوج کیخلاف کسی بھی انتشاری گروہ کا ساتھ نہیں دیں گے۔ کشمیریوں کا کہنا تھا کہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی نے ہڑتال کی کال دے کر علاقے کا امن و امان خراب کرنے کی کوشش کی ہے، اب عوام کسی بھی سازش کا حصہ نہیں بنے گی، عوام مکمل طور پر پاکستان اور پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وادی لیپہ کے شہریوں نے کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کی ہڑتال کی کال کو مکمل طور پر مسترد کر دیا۔ پوری وادی کے بازار کھلے رہے اور ٹریفک کو معمول کے مطابق جاری رکھا گیا۔ عوام کا کہنا تھا کہ قابض بھارتی فوج کشمیریوں پر وحشیانہ مظالم کر رہی ہے جبکہ یہاں پاک فوج ہماری حفاظت کر رہی ہے اس لیے پاکستان اور مسلح افواج کیخلاف کسی بھی تحریک کا حصہ نہ پہلے بنے ہیں نہ اب بنیں گے۔ کشمیری عوام نے واضح کیا کہ کالعدم کمیٹی کے احتجاج سے مقامی تاجروں اورشہریوں کو شدید معاشی نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔