کیوبا کی سڑکوں پر الیکٹرک رکشوں کی تعداد میں اضافہ
ہوانا: (ٹیکنالوجی ڈیسک) کیوبا میں جاری طویل معاشی اور توانائی بحران کے پیش نظر سڑکوں پر الیکٹرک رکشوں کی تعداد میں اضافہ ہونے لگا ہے۔ چینی ساختہ الیکٹرک 3 پہیوں والی گاڑیاں شہریوں کی آمدورفت کا اہم ذریعہ بن گئی ہیں۔ بجلی کی قلت کے باعث متعدد مالکان نے انہیں شمسی توانائی سے بھی جوڑ دیا ہے۔
یہ الیکٹرک رکشے اب لاکھوں کیوبن شہریوں کیلئے آمدورفت کا ذریعہ بن چکے ہیں۔ ان رکشوں کو سامان کی ترسیل کیلئے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ موجودہ معاشی اور توانائی بحران کے پیش نظر الیکٹرک ٹرائی سائیکلز مستقبل میں بھی کیوبا کے ٹرانسپورٹ نظام کا اہم حصہ رہیں گی۔
واضح رہے کہ کیوبا میں کئی برسوں سے جاری ایندھن کے بحران نے شہریوں کی روزمرہ زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے رواں سال جنوری میں کیوبا کو تیل فراہم کرنے والے ممالک پر ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی کے بعد تیل کی سپلائی مزید متاثر ہوئی۔ ایک زمانے میں ملک کی شناخت سمجھی جانے والی کلاسک گاڑیوں کی جگہ اب چینی ساختہ الیکٹرک ٹرائی سائیکلز نے لے لی ہے۔