کیا موبائل فون کی دھیمی آواز کو گھر پر آسانی سے ٹھیک کیا جا سکتا ہے؟
اسلام آباد: (ٹیکنالوجی ڈیسک) جیسا کہ ہم جانتے ہیں کہ آج کل موبائل فون صرف کال کیلئے استعمال نہیں ہوتے بلکہ ہم اسی پر گانے سنتے، ویڈیوز دیکھتے اور گیمز بھی کھیلتے ہیں۔ یہ سب چیزیں دیکھنے سے فون کا اسپیکر دن بھر چلتا رہتا ہے اور زیادہ چلنے کی وجہ سے کچھ مہینوں بعد اسپیکر کی آواز دھیمی محسوس ہونے لگتی ہے۔ ایسے میں بہت سے لوگ شکایت کرتے ہیں کہ فون کی آواز پہلے جیسی تیز اور صاف نہیں رہی۔
اکثر لوگ سمجھتے ہیں کہ اسپیکر خراب ہو گیا ہے، لیکن حقیقت میں 90 فیصد کیسز میں وجہ صرف گرد اور مٹی ہوتی ہے۔ فون کو جیب یا بیگ میں رکھنے سے اسپیکر کے باریک سوراخوں میں دھول، ریشے اور مٹی جم جاتی ہے۔ یہی گندگی آواز کے راستے میں رکاوٹ بنتی ہے اور آواز دھیمی ہونے لگتی ہے۔
ایسی صورت میں موبائل کی 2 چیزیں لازمی چیک کریں کیا فون کا والیوم پورا ہے اور میڈیا والیوم الگ سے کم تو نہیں ہے؟ کہیں فون بلوٹوتھ ہیڈفون یا اسپیکر سے منسلک تو نہیں۔ اگر سب ٹھیک ہے تو پھر صفائی کی ضرورت ہے۔
موبائل کے اسپیکر کو صاف کرنے کا سب سے محفوظ طریقہ خشک صفائی ہے۔ فون بند کر کے نرم خشک کاٹن سویب یا بہت نرم برش سے اسپیکر کی جالی کو ہلکے ہاتھ سے صاف کریں۔ کم دباؤ والا ایئر بلوئر بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ پانی، سوئی، پن یا کوئی مائع چیز بالکل بھی استعمال نہ کریں، یہ فون کو اندر سے خراب کر سکتے ہیں۔ اگر فون میں پانی چلا جائے تو اسے خود کھولنے کے بجائے کپڑے سے باہر سے صاف کر کے سروس سینٹر لے جائیں۔