چینی کمپنی نے دنیا کا پہلا روبوٹ فون متعارف کرا دیا

image
بیجنگ: (ٹیکنالوجی ڈیسک) چینی ٹیکنالوجی کمپنی نے ورلڈ اے آئی کانفرنس میں دنیا کا پہلا "روبوٹ فون" متعارف کرا دیا ہے۔ کمپنی کی جانب سے فون میں کیمرے کے ساتھ خودکار حرکت کرنے والا گمبل نصب کیا گیا ہے۔ اس گمبل کی مدد سے موبائل فون آواز اور اشاروں کے ذریعے خودکار طور پر سبجیکٹ کو ٹریک کرتے ہوئے ویڈیو ریکارڈنگ کرتا ہے۔ مظاہرے کے دوران روبوٹ فون کو موسیقی کی دھن پر حرکت کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ چینی ٹیکنالوجی کمپنی آنر نے اپنے نئے روبوٹ فون کی چین میں باضابطہ طور پر پری بکنگ شروع کر دی ہے۔ کمپنی کی جانب سے اس منفرد اسمارٹ فون کی ریزرویشن کھولنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ کمپنی کے مطابق صارفین آنر مال یا مجاز آن لائن اسٹورز کے ذریعے 31 اگست تک فون کی پری بکنگ کرا سکتے ہیں۔ پری بکنگ کرانے والے صارفین کو 3,500 یوآن مالیت کے خصوصی تحائف بھی دیئے جائیں گے۔ نئے فون میں 200 میگا پکسل مین کیمرہ، 50 میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمرہ اور 200 میگا پکسل پیری اسکوپ ٹیلی فوٹو لینس دیا گیا ہے۔