گاڑیاں بھی اب سائبر حملوں کی زد میں
سنگاپور: (ٹیکنالوجی ڈیسک) گاڑیوں میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ساتھ سائبر سکیورٹی کے خطرات بھی بڑھنے لگے ہیں۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ گاڑیوں میں "اوور دی ایئر" یعنی (او ٹی اے) سسٹم کے بڑھتے رجحان سے ہیکرز کیلئے نئی راہیں کھل سکتی ہیں۔ سنگاپور کے سائبر سکیورٹی ماہر گیبریل لم کے مطابق "او ٹی اے" ٹیکنالوجی اب قومی سلامتی کیلئے ایک سنجیدہ خطرہ بنتی جا رہی ہے۔
گیبریل لم کا کہنا ہے کہ اگر کوئی بیرونی طاقت گاڑیوں کے کنٹرول سسٹم تک رسائی حاصل کر لے تو وہ دور بیٹھے چلتی ہوئی گاڑی کو روک بھی سکتی ہے اور اس کا مکمل کنٹرول بھی سنبھال سکتی ہے۔ ناروے، ڈنمارک اور برطانیہ جیسے ممالک نے بھی اس معاملے پر تشویش ظاہر کی ہے۔ برطانیہ کی سوانزی یونیورسٹی کے پروفیسر سراج احمد شیخ کا کہنا ہے کہ "او ٹی اے " سسٹم پرانے طریقوں کے مقابلے میں یقیناً آسان اور تیز ہے، لیکن اسے محفوظ بنانا سب سے اہم ترجیح ہونی چاہیئے۔
واضح رہے کہ (او ٹی اے) ایک وائرلیس نظام ہے جس کے ذریعے گاڑیوں کا سافٹ ویئر، فرم ویئر اور دیگر فیچرز ورکشاپ جائے بغیر ہی اپ ڈیٹ کیے جا سکتے ہیں۔ یہ طریقہ وقت اور لاگت دونوں بچاتا ہے، مگر ساتھ ہی سائبر حملوں کا خطرہ بھی بڑھا دیتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ گاڑیوں کو محفوظ بنانے کیلئے اس شعبے میں سخت نگرانی اور جدید حفاظتی اقدامات اپنانا اب ناگزیر ہو چکا ہے۔